کے سی آر اور مودی کے ایک دوسرے پر تنقیدیں لااعتبار

عوام بھروسہ نہ کریں ، دونوں کے درمیان میاچ فکسنگ ، انجن کمار یادو کا انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد انجن کمار یادو نے میچ فکسنگ کے تحت چیف منسٹر اور وزیراعظم کو ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عوام کو اس پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانگریس کو کامیابی بناتے ہوئے خوشحالی کا انتخاب کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی پی وشنووردھن ریڈی صدر تلنگانہ پردیش اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن سابق کارپوریٹر چندراماں کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ انتخابات نریندر مودی اور کے سی آر کے لیے تجارت بن گئی ہے جب کہ کانگریس پارٹی خدمات کے جذبہ سے انتخابی میدان میں ہے ۔ وزیراعظم اور چیف منسٹر جھوٹ بولنے میں ایکدوسرے پر سبقت لیجانے اور عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وہی کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے تلنگانہ میں تین انتخابی جلسوں سے خطاب کیا ہے ۔ اپنی تقاریر کو حقائق کی حد تک محدود رکھتے ہوئے بیروزگاری کو دور کرنے کے لیے نئی اسکیم پر روشنی ڈالی ۔ خواتین کو سیاست اور ملازمتوں میں 33 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ جب کہ مودی جہاں جملے بازی کی باتیں کررہے ہیں وہیں کے سی آر وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ سابق رکن اسمبلی پی وشنووردھن ریڈی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کو امن کا حلقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام ترقی اور روزگار چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نے سالانہ 2 کروڑ ملازمتیں دینے کے وعدے کو فراموش کردیا جب کہ کے سی آر نے ایک لاکھ سرکاری ملازمتیں دینے کا وعدہ کرتے ہوئے پانچ سال کے دوران صرف 20 ہزار ملازمتیں ہی فراہم کی ہے ۔ جھوٹ اور فریب کے ذریعہ ووٹوں کا سرقہ کرلینے کا مودی اور کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ دونوں فرقہ پرست جماعتوں بی جے پی اور ٹی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہوگیا ہے ۔ عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے قائدین ایک دوسرے پر تنقید کررہے ہیں ۔ اگر کانگریس کے بجائے حلقہ سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر پارلیمانی حلقوں پر ٹی آر ایس کو کامیاب بنایا گیا تو جس طرح پہلی میعاد میں ٹی آر ایس نے بی جے پی اور وزیراعظم کی تائیدکی ہے اسی طرح دوبارہ بی جے پی کی گود میں بیٹھ جائے گی ۔ انہوں نے کانگریس کے سیکولر نظریات رکھنے والے امیدوار انجن کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کرنے اور فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے میں کانگریس کا ساتھ دینے کی عوام سے اپیل کی ۔۔