کے سی آر اقلیتوں کی فلاح و بہبود میں سنجیدہ

چندرائن گٹہ کی مسلم خواتین کی ٹی آر ایس میں شمولیت، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی تقریر

حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنجیدہ ہیں اور انہوں نے جاریہ سال بجٹ میں 2000 کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے تعلق رکھنے والی مسلم خواتین کی کثیر تعداد میں آج منسٹرس کوارٹرس میں ڈپٹی چیف منسٹر کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ محمود علی نے پارٹی کا کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کے مسلمان اور دیگر اقلیتیں حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ انہیں کے سی آر پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ تعلیمی اور معاشی ترقی کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فلاحی اقدامات سے متاثر ہوکر دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین و کارکن ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگو دیشم نے مسلمانوں کو ہمیشہ ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا اور ان کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ چیف منسٹر نے مسلمانوں کی غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک اسکیم کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ مسلمانوں میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے 204 اقامتی اسکول قائم کئے گئے۔ بیرون ملک تعلیم کیلئے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود روزگار اسکیمات کے تحت اون یوور کار اور آٹو اسکیم کیلئے فنڈس کی اجرائی عمل میں آئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کی سرفہرست ریاست ہے۔ کارکردگی کے اعتبار سے کے سی آر ملک کے نمبر ون چیف منسٹر ہیں۔ ملک کی کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس کا مظاہرہ متاثرکن رہے گا۔