تہذیبی شعبہ سے دلچسپی تھی‘70 ہزار کتابوں کا مطالعہ ‘چیف منسٹر تلنگانہ کا انکشاف
حیدرآباد۔4مئی ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ کہتے ہوئے آج سب کو حیرت میں ڈال دیا کہ وہ غیر متوقع طور پر سیاست میں آئے ہیں کیونکہ ان کی سیاسی لائین ہرگز نہیں تھی بلکہ وہ ثقافتی و تہذیبی شعبہ سے دلچسپی رکھتے تھے اوراس بات کا بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اب تک 70تا 80ہزار کتابوں کا مطالعہ کیا ہے ۔ آج وہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے عوامی منتخبہ نمائندوں کیلئے ناگرجنا ساگر میں بھاری ٹریننگ پروگرام کے آخری دن اپنا اظہار خیال کرتیہ وئے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ کوئی بھی ہزار سال تک زندہ رہنے کیلئے نہیں آتے ہیں بلکہ وقت آنے پر ہر کسی کو جانا ہی ہے ۔ انہوں نے دولت کمانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارا مقصد دولت کمانا ہی ہو تو ’’ گوبر فروخت کرنے سے بھی دولت ( پیسہ) آسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنی تلنگانہ جدوجہد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ تلنگانہ جدوجہد کا آغاز کیا تھا تب ہر کوئی یہی کہہ رہا تھا کہ اس سے کچھ حاصل ہونے والا ہی نہیں ہے لیکن انہوں نے مایوس نہ ہوتے ہوئے جدوجہد کو جاری رکھی اور سخت جدوجہد کے ذریعہ بالآخر علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل کر دکھایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ ریاست حاصل ہونے کے بعد ریاست کے پہلے عوامی منتخبہ نمائندوں کی حیثیت سے ہمیشہ کیلئے تمہارا نام رہ جائے گا ۔