کے سی آر ، چینائی روانہ ، آج اسٹالن سے ملاقات

فیڈرل فرنٹ کے قیام کی کوششوں میں شدت ، مستقبل کے منصوبہ پر غور
حیدرآباد۔12مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ و سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر)خصوصی طیارہ کے ذریعہ تمل ناڈو روانہ ہوگئے جہاں وہ 13مئی کی صبح امکان ہے کہ ڈی ایم کے قائد ایم کے اسٹالن سے ملاقات کریں گے۔ کے سی آرملک میں عام انتخابات کے اختتام کیساتھ ساتھ علاقائی جماعتوں کے اتحاد کیساتھ فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کیلئے کوشاں ہیں اور وہ ملک کی مختلف ریاستوں میں موجود علاقائی سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کیلئے ان کے قائدین سے مشاورت کر رہے ہیں۔ بیگم پیٹ سے کے سی آر طیارہ کے ذریعہ پارٹی کے دیگر سرکردہ قائدین کے ہمراہ تمل ناڈو روانہ ہوچکے ہیں ۔وہ چینائی میں اسٹالن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں فیڈرل فرنٹ میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے اور ملک کے مستقبل اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔کے سی آر جنوبی ہند کی ریاستوں میں علاقائی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کا دور مکمل کرنے کے بعد ہندی ریاستوں اور شمالی ہند کی ریاستوں کے سرکردہ سیاسی قائدین سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ عام انتخابات کے نتائج کے بعد ملک میں تشکیل حکومت میں علاقائی سیاسی جماعتوں کی جانب سے کلیدی کردار ادا کیا جائے۔