دو تلگو چیف منسٹرس پر عوام دشمن پالیسیوں کو اختیار کرنے بی وی راگھولو کا الزام
حیدرآباد ۔ /28 اگست (این ایس ایس) سی پی ایم قائد بی وی راگھولو نے آج دو تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس کے چندر شیکھر راؤ اور این چندرا بابو نائیڈو کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ عوام دشمن پالیسیوں کو اختیار کررہے ہیں ۔ ضلع میدک میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راگھولو نے ریاست آندھراپردیش میں برقی بحران کیلئے مسٹر نائیڈو کو موردِ الزام ٹھہرایا ۔ انہوں نے برقی بحران کو تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کی غلط پالیسیوں سے منسوب کیا ۔ سی پی ایم قائد نے غریب کسانوں کی قیمت پر کارپوریٹ شعبہ کو اراضیات فراہم کرنے کی کے سی آر کی کوششوں پر بھی نکتہ چینی کی ۔ یہ کہتے ہوئے کہ سی ایس ایم آبپاشی پراجکٹس کی مخالف نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کسانوں سے ان کی اراضیات کو قانون حصول اراضی 2013 ء کے ذریعہ حاصل کیا جائے گا تو ان کے ساتھ انصاف ہوگا ۔ مسٹر راگھولو نے کہا کہ وہ کسانوں کے کاز کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے قانون حصول اراضی 2013 ء کو بازو رکھ دینے اور اراضیات کے حصول کیلئے جی او 123 جاری کرنے پر بھی ریاستی حکومت پر تنقید کی ۔