تلنگانہ کے قیام میں سابق اسپیکر لوک سبھا نے اہم رول ادا کیا تھا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے 5 سابق ارکان پارلیمنٹ نے میرا کمار کے فون کو نظر انداز کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والی خاتون سے احسان فراموشی کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ تحریک کے دوران کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے جس طرح پارٹی ہائی کمان سے ٹکرایا تھا اس طرح ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی کو پارٹی فیصلے کے خلاف صدارتی انتخابات میں علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرنے والی میرا کمار کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ آج گاندھی بھون میں سابق مرکزی وزراء سروے ستیہ نارائنا ، بلرام نائک سابق ارکان پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو ، سریش شٹکار اور پونم پربھاکر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین تلنگانہ کی خوبی ہے کہ وہ احسان کرنے والوں کا احترام کرتے ہیں ان کی پیٹھ میں خنجر نہیں گھونپتے ۔ پارلیمنٹ کے دروازے اور کیمرے بند کر کے علحدہ تلنگانہ ریاست کا بل منظور کرنے والی میرا کمار کی صدارتی انتخابات میں تائید کرنے کے بجائے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آر ایس ایس نظریات کے حامل مسلم اور عیسائی تحفظات کے مخالف این ڈی اے کے امیدوار رامناتھ کووند کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے میڈیا کو وہ آڈیو کلپ سنایا جس میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے زندگی بھر ان کا احسان مند رہنے کا اعلان کیا تھا تاہم سونیا گاندھی نے جس خاتون کو اپوزیشن کا صدارتی امیدوار بنایا ہے ان سے ٹیلی فون پر بات کرنا بھی کے سی آر نے گوارہ نہیں کیا ہے ۔ کے سی آر تحریک کے دوران کبھی پارلیمنٹ نہیں پہونچے اس لیے تلنگانہ کی تشکیل میں بحیثیت اسپیکر ان کا جو رول تھا اس سے چیف منسٹر لا علم ہے ۔ پونم بھاکر نے تلنگانہ کے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی پر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرنے والی میرا کمار کو ضمیر کی آواز پر ووٹ دینے کے لیے مجبور کریں ۔ سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے چیف منسٹر تلنگانہ کو دھوکے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی نیت میں کھوٹ ہے ۔ وعدوں سے انحراف کرنا کے سی آر کی عادت ہے ۔ سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے کہا کہ چیف منسٹر مخالف خواتین ایجنڈے پر کام کرتے ہیں اس لیے انہوں نے اپنی کابینہ میں خاتون کو شامل نہیں کیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والی سیکولر خاتون مجاہد آزادی کی دختر میرا کمار کو صدارتی انتخابات میں نظر انداز کرتے ہوئے آر ایس ایس نظریات کے حامل این ڈی اے کے امیدوار کی تائید کررہے ہیں ۔ کانگریس کے سابق ارکان پارلیمنٹ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے میرا کمار کی تائید کرنے کی اپیل کریں گے ۔۔