حیدرآباد ۔ /7 جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندراشیکھرراؤ 8 جون کو ضلع نلگنڈہ کے علاقہ چوٹ اُپل میں واٹر گرد پائیلون (علامتی ستون) کی نقاب کشائی کریں گے ۔ پینے کے پانی کے لئے گرڈ‘ تلنگانہ حکومت کا ایک ترجیحی پروگرام ہے ۔ چیف منسٹر اس پروگرام کا امتیازی نشان سمجھے جانے والے ستون کا افتتاح کریں گے ۔ ریاستی ٹی آر ایس حکومت نے ہرگھر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 25000 کروڑ روپئے کے خطیر بجٹ سے یہ پروگرام شروع کی ہے ۔ چیف منسٹر اس موقع پر ضلع ہیڈکوارٹرز میں ناگرجنا ڈگری کالج گراونڈ پر ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور ضلع کے چند ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ریاستی وزیر توانائی نے آج اس مقام کا دورہ کرتے ہوئے کل کے پروگرام کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا معائنہ کیا ۔ یہ پائیلون 1.95 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کیا گیا ہے جو سیاحوں کے لئے پرکشش ہوگا ۔