کے سی آر‘حکومت آندھراپردیش کی پالیسیوں پر عمل پیرا

چندرابابو نائیڈو پر بیجاتنقیدیں چیف منسٹرتلنگانہ کا واحد مشغلہ : لوکیش
حیدرآباد۔3نومبر ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے نوجوان قائد مسٹر این لوکیش نائیڈو ( فرزند مسٹر این چندرا بابو نائیڈو) نے وجئے واڑہ میں جلسہ منعقد کر کے چیف منسٹر آندھراپردیش کو بے نقاب کرنے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر تلنگانہ کی دھمکی پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور دریافت کیا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ وجئے واڑہ میں جلسہ منعقد کر کے آخر کیا کریں گے ؟ صرف اور صرف چند سخت سست الفاظ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے خلاف استعمال کرنے کے سوا اور کچھ نہیں کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں تلگودیشم حکومت کی تمام اسکیمات اطمینان بخش انداز میں روبہ عمل لائی جارہی ہیں‘ جس سے عوام بھی خوش ہیں ۔ مسٹر لوکیش نائیڈو نے تلنگانہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ چیف منسٹر نے ریاست تلنگانہ میں پولیس محکمہ کیلئے بڑی تعداد میں آرام دہ گاڑیوں خرید کر دینے کے سوا کوئی ایک نئی اسکیم ابھی تک آغاز نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آندھرا میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی انتخابات میں حصہ لے گی تو تین فیصد ووٹ بھی حاصل نہیں کرسکے گی ‘ نوجوان قائد تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ مسٹر چندرا شیکھر راؤ کو نئی اسکیمات کا آغاز کرنے کیلئے کوئی اسکیمات بھی سمجھ میں نہیں آرہی ہیں اور آندھراپردیش ریاست میں تلگودیشم حکومت کی پالیسیوں کو اپنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بالآخر یہاں تک کہ طوفان مسئلہ پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جائزہ اجلاس طلب کئے ۔ مسٹر لوکیش نائیڈو نے حسین ساگر جھیل کی صفائی اور اس کے پانی کو بہتر بنانے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ حسین ساگر کی صفائی اور پانی کو بہتر بنانے کے بعد پہلا گلاس پانی مسٹر چندر شیکھر راؤ کو ہی پینا پڑے گا ۔ چھتیس گڑھ سے برقی کی خریدی کا تذکرہ کرتے ہوئے نوجوان قائد تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت تلنگانہ کو برقی دینے کیلئے تیار رہنے کے باوجود برقی کا اس ریاست سے لے آنا اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ چھتیس گڑھ سے تلنگانہ کو برقی لائنس نہیں آسکیں گی ۔