کے سی آرکٹس کو ایکسیلنس ایوارڈ‘ ملک بھر میں نمائش

کڈیم سری ہری کے ہاتھو ں محکمہ صحت کے عہدیداروں کو اعزاز کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 21مئی ( سیاست نیوز) کے سی آر کٹس اسکیم کو تلنگانہ حکومت میں ایکسیلنسایوارڈ حاصل ہوا ۔جس پر ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے مسرت کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے آج یہاں منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو پیش کیا ۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ ایکسلنس ایوارڈ حاصل ہونے کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں پر اور بھی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے ۔ کئی مرکزی وزراء ‘ مختلف ریاستوں کے وزراء نے اس اسکیم کی ستائش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی سیاسی بصیرت سے یہ سب کچھ ممکن ہوپایا ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ 3جون 2017ء کو پیٹلہ برج ہاسپٹل میں چیف منسٹر کے سی آر نے اس اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں عمل نہیں کی جانے والی اسکیم تلنگانہ میں عمل کی جارہی ہے ۔ اس اسکیم پر عمل آوری سے حاملہ خواتین کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں علاقہ تلنگانہ میں سالانہ 6.50 لاکھ ڈیلیوریز ہوا کرتی تھی جن میں صرف 30فیصد ڈیلیوریز ہی سرکاری ہاسپٹلس میں ہوا کری تھی ۔ کے سی آر کٹس متعارف کرنے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلیوریز کرانے کا رجحان 50فیصد سے تجاوز کرچکا ہے ۔ ابھی تک سرکاری ہاسپٹلس میں 1,96,702 ڈیلیوریز ہوئی ہیں ان میں 1,05,888 نارمل اور 91,001 آپریشن سے ہوئی ہیں ۔ 1,83,383 کے سی کٹس تقسیم کئے گئے ۔ 6,34,789 حاملہ خواتین میں مختلف مرحلوں میں 201.37 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے ۔ کڈیم سری ہری نے ایم سی آر ۔ ایچ آر ڈی میں منعقدہ پروگرام میں آئی اے ایس عہدیداروں کو تلنگانہ ایکسیلنس ایوارڈس عطا کیا ۔