کے سی آر، ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس کیلئے مدعو

چین میں 9 تا 11 ستمبر کانفرنس کا انعقاد، تلنگانہ کی ترقی کیلئے توجہ
حیدرآباد /31 جولائی ( آئی این این ) ورلڈ اکنامک فورم نے تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو چین میں منعقد ہونے والی 9 تا 11 ستمبر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ تلنگانہ ریاستی کی مجموعی ترقی کیلئے ملک اور بیرون ملک پُرکشش اقدامات پر توجہ دے رہے ہیں ۔ ریاست میں عوامی بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات، پروگراموں اور اسکیمات پر عمل آوری کیلئے کوشاں ہیں ۔ کئی بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کو دعوت دی جارہی ہے کہ وہ ان کے ملک کا دورہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں ۔ اس طرح کی دعوت منیجنگ ڈائرکٹر اور منیجنگ بورڈ فلپ روزئیر سوئزر لینڈ کے رکن ورلڈ اکنامک فورم سے بھی موصول ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میں اس فورم کے ایم ڈی نے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانفرنس 2015 کی چیمپئین کانفرنس ہوگی ۔ چین میں منعقدہ اس کانفرنس سے ریاست تلنگانہ میں ترقیاتی اقدامات کرنے کے مواقع ملیں گے ۔ عالمی سطح پر سائنس اور ٹکنالوجی اور اختراعی اقدامات کے مطابق تلنگانہ ریاست کو ترقی دی جائے گی ۔