مسلم تحفظات کے خلاف پیروی کرنے والے وکیل کی نامزدگی کی مخالفت نظر انداز
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے تلنگانہ کے پہلے ایڈوکیٹ جنرل کے طور پر سینئر ایڈوکیٹ کے رام کرشنا ریڈی کے نام کو منظوری دی ہے۔ کے رام کرشنا ریڈی کا شمار ہائی کورٹ کے سینئر وکلاء میں ہوتا ہے اور انہوں نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں بھی اہم رول ادا کیا تھا۔ ٹی آر ایس حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد ایڈوکیٹ جنرل سدرشن ریڈی نے اپنا استعفی پیش کردیا تھا۔ کے رام کرشنا ریڈی کئی اہم مقدمات کے سلسلہ میں بھی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل کے عہدہ کیلئے کئی وکلاء کے نام تجویز کئے گئے تھے لیکن چیف منسٹر نے اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد رام کرشنا ریڈی کے نام کو منظوری دے دی ۔ واضح رہے کہ رام کرشنا ریڈی نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں مسلم تحفظات کے خلاف مقدمات کی پیروی کی تھی۔ وہ تحفظات کے مخالفین کے وکیل کی حیثیت سے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں رجوع ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض گوشوں کی جانب اُن کے نام کی مخالفت کی گئی تاہم چیف منسٹر نے اعتراضات کو مسترد کردیا۔