حیدرآباد ۔ /3 جولائی ( این ایس ایس) ریاست آندھراپردیش برقی بچت کی فیلڈ میں عالمی نقشہ میں اپنا مقام بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔ جبکہ مرکزی حکومت نے برازیل ، روس ، ہندوستان ، چین اور جنوبی آفریقہ پر مشتمل BRICS کے ایک اہم انٹرنیٹ کی ایونٹ کی میزبانی کیلئے آندھراپردیش کا انتخاب کیا ہے ۔ مرکزی وزارت برقی نے ’’برقی بچت اور برقی ایفیشنس‘‘ کے موضوع پر /4 اور /5 جولائی کو وشاکھاپٹنم میں یہ باوقار BRICS ورکنگ گروپ میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکز نے اس میٹنگ کے دوران برقی بچت کے لئے اس کی کاوشوں بالخصوص وشاکھاپٹنم سٹی LED آسٹریٹ لائیٹنگ پروگرام سے واقف کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ برقی بچت پر BRICS ایونٹ کے تناظر میں تبدیلیوں کا جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت آندھراپردیش کوئی موقعہ نہیں چھوڑے گی اور اے پی کو ملک میں بہترین برقی بچت ریاست بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کرے گی ۔