چانڈی مندریا ۔ یکم / اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) لیفٹنٹ جنرل کے جے سنگھ ، اے وی ایس ایم ، نے آج ایک سادہ سی تقریب میں ویسٹرن کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ اس موقع پر انہوں نے سروادھرما استھل پر حاضری دیتے ہوئے ویرسمرتی پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی جس میں مزید تفصیلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہیں 63 کویلری کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ 63 کویلری ان کی موجودہ رجمنٹ ہے جس کی وہ قیادت کریں گے ۔ جنرل سنگھ نے 63 کویلری میں 11 جون 1977ء کو شمولیت اختیار کی تھی اور وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی و انڈین ملٹری اکیڈیمی کے طالبعلم رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے لیفٹنٹ جنرل فلپ کامپوز سے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا جنہیں آرمی ہیڈکوارٹرس منتقل کیا گیا ہے ۔
فیکٹری دھماکہ میں پانچ ہلاک
رائے پور ۔ یکم / اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) برقی فیوز بنانے والی ایک فیکٹری میں ہوئے دھماکہ میں پانچ ورکرس ہلاک ہوگئے ۔ابھان پور کے اُرلا موضع میں واقع نوبھارت فیوز فیکٹری میں یہ حادثہ رونما ہوا ۔ رائے پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اوپی پال نے یہ بات بتائی ۔ دھماکے کے وقت فیکٹری کا سوپروائزر فیکٹری کی عمارت کے باہر کھڑا تھا اس لئے بچ گیا اور اُسی نے پولیس کو اطلاع کی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے وہاں پہنچ کر نعشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔