کے جی طلبہ کو بیسمنٹ میں مقید کرنے پر اسکول انتظامیہ کو کجریوال کا انتباہ

نئی دہلی ۔12جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے کنڈر گارڈن کے 16بچوں کو مبینہ طور پر فیس کی عدم ادائیگی پر بیسمنٹ میں مقید کرنے والے اسکول کے ذمہ داروں کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کروائی جائے گی ۔ انہوں نے آج ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور وزیر ماحولیات عمران حسین کے ہمراہ جو حلقہ اسمبلی بلیمارن کے رکن اسمبلی بھی ہیں جس میں یہ اسکول واقع ہے ‘ اساسکول کا دورہ کیا ۔ کجریوال نے کہا کہ انہوں نے رابعہ پبلک اسکول کی پرنسپل ناہید عثمانی سے بات کی اور انہیں انتباہ دیا کہ بچوں کیساتھ اس طرح کے برتاؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت دہلی اور پولیس کی جانب سے کارروائی کی جائے گی ۔ کجریوال اور سیسوڈیا نے وہاں طلبہ اور ٹیچرس سے بھی بات کی ۔