ہرگوپال کی گرفتاری جمہوریت پرکاری ضرب ، سماجی جہدکاروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔14ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میںکے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کے وعدے کی عدم تکمیل کے خلاف تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن ( ٹی ٹی ایف)کی معلنہ پوراٹا یاترا کے آغاز سے قبل سماجی جہدکار وپروفیسر ہر گوپال کی یادگار شہیداں ( گن پارک) سے گرفتاری کو جمہوریت کے لئے کار ضرب قراردیتے ہوئے ٹی ٹی ایف قائدین نے ہر گوپال کی غیرمشروط رہائی کامطالبہ کیا۔ آج یہاں اس ضمن میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرجی لکشمن ‘ پی ا و ڈبلیو سندھیا‘ کونڈل ریڈی‘ این کرشنا‘ چکوڈا پربھاکراور دیگر نے مشترکہ طور پر کہاکہ سماجی جہدکاروں کے تئیں حکومت تلنگانہ کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔پروفیسر جی لکشمن نے کہاکہ کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کا وعدہ تھا جس کی عدم تکمیل پر احتجاج کرنا یا پھر عوام میںشعور بیداری کی شروعات ہر شہری کاجمہوری حق ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ پرامن طریقے سے احتجاج اور یاترا کے خلاف پولیس کا استعمال افسوس ناک ہے۔ سندھیا نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کی تاریخ میں غیرعلاقائی حکمرانوں نے یاد گار شہیداں کے اندر سے کسی جہدکار کو گرفتار نہیں کیامگر افسوس ناک بات یہ ہے کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کی پولیس نے ہر گوپال جیسے سماجی جہدکار کو گرفتار کرتے ہوئے یادگار شہیداں کی اہمیت کوپامال کیاہے۔سندھیا نے کہاکہ تلنگانہ کے تعلیمی نظام کو ٹھیک کرنے کے سیول سوسائٹی ہر وہ قدم اٹھائے گی جس کا جمہوریت نے انہیںحق دیاہے۔ ہرا گوپال کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی کی بھی گرفتاری کے ذریعہ حکومت کی ناکامیو ں کوچھپایا نہیںجاسکتا۔