کے ایف سی کے غذائی ٹسٹ کے نتائج افشاء نہ کرنے کی ہدایت

حیدرآباد 8 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائیکورٹ نے کے ایف سی کے غذائی ٹسٹ کے نتائج کا افشاء نہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کے ایف سی کی جانب سے داخل کردہ ایک درخواست پر یہ حکم التواء جاری کیا۔ جسٹس پی وی سنجے کمار نے کے ایف سی کی جانب سے داخل کردہ درخواست کی سماعت کے بعد اس بات کا فیصلہ دیا کہ 10 یوم تک کے ایف سی کی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر نہ لایا جائے چونکہ اس سے ایم ریسٹورنٹس انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ کے تحت چلائے جانے والے ادارے کے ایف سی کی عالمی منڈی میں ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔ کے ایف سی کی جانب سے حیدرآباد ہائیکورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے یہ استدلال پیش کیا گیا تھا کہ حیدرآباد کے 10 آؤٹ لیٹس سے جس انداز سے غذائی اشیاء حاصل کی گئی ہے وہ درست نہیں ہے چونکہ ان کے معاہدہ کے مطابق وہ تمام فوڈ سکیوریٹی امور کی انجام دہی کو یقینی بنارہے ہیں لیکن فوڈ سکیوریٹی آفیسر اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے کے ایف سی کے 10 آؤٹ لیٹس سے نمونے حاصل کئے ہیں۔ کے ایف سی کی جانب سے پیروی کررہے وکیل نے عدلیہ کے روبرو اس خدشہ کا بھی اظہار کیا ہے اگر یہ رپورٹ منظر عام پر آتی ہے تو اس سے کے ایف سی کی عالمی سطح پر ساکھ متاثر ہوسکتی ہے اسی لئے اس رپورٹ پر کچھ دن کے لئے ہی صحیح حکم التواء دیا جانا چاہئے۔ جسٹس پی وی سنجے کمار نے کے ایف سی کے وکیل کے دلائل کی سماعت کے بعد اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد ہی 10 یوم تک اس کا افشاء نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ میگی کے بعد ملک میں موجود کئی بین الاقوامی پراڈکٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے غذائی معیارات کی جانچ کی جانے لگی ہے ۔