آئندہ دو دنوں میں فیصلہ متوقع، طلبہ کو الجھن کا شکار نہ ہونے کا مشورہ، این نرسمہا ریڈی
حیدرآباد۔/30جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ایمسیٹ
II کے افشاء کے مسئلہ پر حکومت آئندہ دو دن میں قطعی فیصلہ کرے گی۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں افشاء سے متعلق تحقیقات کا جائزہ لیا ہے اور ایمسیٹ II کی منسوخی کا قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر طلباء کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے آئندہ دو دنوں میں کوئی فیصلہ کریں گے۔ وزیر داخلہ نے طلباء اور ان کے سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس صورتحال سے اُلجھن کا شکار نہ ہوں اور حکومت پر پورا بھروسہ رکھیں کہ وہ ان کے تعلیمی مستقبل کو ضائع ہونے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد افشاء میں ملوث ہیں وہ دراصل تلنگانہ کے دشمن ہیں انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ سنگین جرم ہے اور دن رات محنت کرتے ہوئے طلباء نے ایمسیٹ II کی تیاری کی تھی اب جبکہ دوبارہ امتحان کی باتیں عام ہیں لہذا طلباء اور سرپرستوں کا فکر مند ہونا فطری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افشاء کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے طلباء سے مکمل انصاف کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طلباء اور ان کے سرپرستوں کو احتجاج کا راستہ اختیار کرنے سے گریز کرنا چاہیئے کیونکہ حکومت ان کے ساتھ ہے اور وہ تعلیمی مستقبل کا تحفظ کرے گی۔ نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ افشاء کے معاملہ کی تحقیقات آخری مرحلے میں ہے اور سی آئی ڈی نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے جس میں حقیقی خاطیوں کی نشاندہی کی گئی۔ اسی دوران رکن پارلیمنٹ کویتا نے بھی طلباء اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ پریشان نہ ہوں اور تعلیمی مستقبل کے بارے میں تذبذب کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ وہ ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے عوام میں اُلجھن پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کے علاوہ ریاست کی ترقی سے متعلق دیگر معاملات میں بھی اپوزیشن نے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے کویتا نے کانگریس اور تلگودیشم پر آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف کے مسئلہ پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایمسیٹ II افشاء کی تمام تفصیلات حاصل کرلی ہیں اور بہت جلد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔