کیڈبری چاکلیٹس خنزیر سے پاک، ملائیشیا کی وضاحت

کوالالمپور، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا میں فروخت ہونے والے کیڈبری چاکلیٹس خنزیری مادے سے پاک کردیئے گئے ہیں، اس ملک کے اعلیٰ اسلامی ادارہ نے آج ایک بیان میں یہ بات کہی جس کے بعد برطانوی کنفکشنری کمپنی کا بائیکاٹ کرنے کی اپیلیں کم ہوجانی چاہئے جبکہ قبل ازیں کئے گئے ٹسٹوں میں پتہ چلا تھا کہ دو اقسام کے چاکلیٹ بار میں خنزیر کا ڈی این اے پایا گیا تھا۔ وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ ماہ کی تحقیقات اب بظاہر بے اثر ہوچکی ہیں جس نے ملائیشیا میں بعض اسلام پسند گروپوں میں برہمی پیدا کردی تھی اور کیڈبری کے تمام پراڈکٹس کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا مسلم ملک انڈونیشیا بھی کیڈبری چاکلیٹس کی جانچ کررہا ہے، حالانکہ ملائیشیا میں تنازعہ کا سبب بننے والے دو پراڈکٹس وہاں فروخت نہیں ہوتے ہیں۔ اسلامی شرعی قانون کے تحت حلال اشیاء میں خنزیری مادہ یا الکحل شامل نہیں ہونا چاہئے۔

پاکستان میں ایک خاندان کے 4 افراد کو گولی مار دی گئی
پشاور ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاندان کے کم از کم 4 افراد کو 3 نامعلوم مسلح افراد نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے ہلاک کردیا جبکہ یہ افراد محوخواب تھے۔ یہ واقعہ ضلع بونیر کے ایک علاقہ پالوار میں پیش آیا۔ 3 مسلح افراد زبردستی مکان میں گھس گئے تھے اور اندھادھند فائرنگ کی تھی۔ اس واقعہ کیلئے دیرینہ دشمنی کو وجہ سمجھا جارہا ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔