کیپٹن سلویٰ فاطمہ کو 65 ہزار روپئے مالیتی لیاپ ٹاپ کی فراہمی

شہری ہوا بازی کے اڈوانسڈ کورس میں مہارت حاصل کرنے اقدام
حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (نمائندہ خصوصی) خواب دیکھنا اور ان خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشش کرنا بہت اچھی بات ہے جو انسان کچھ کر دکھانے، کچھ حاصل کرنے کا خواب دیکھتا ہے تو سمجھئے اس ضمن میں کی جانے والی اس کی کوششیں اس کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کردیتی ہیں۔ پرانا شہر حیدرآباد کی رہنے والی سیدہ سلویٰ فاطمہ نے بھی ایسا کچھ کرنے کا خواب دیکھا تھا جس سے بلالحاظ مذہب و ملت لڑکیوں میں حصول علم کا شوق پیدا ہوا بااختیار بننے میںانہیں ایک نئی راہ حاصل ہوئی۔ پائلٹ بن کر فضاؤں میں اڑانیں بھرنے کا خواب دیکھنے والی سیدہ سلویٰ فاطمہ کے خواب کو سچ کر دکھانے میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے اہم رول ادا کیا۔ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کے باعث آج سیدہ سلویٰ فاطمہ کیپٹن سیدہ سلویٰ فاطمہ بن گئی ہیں اور ان کا شمار ہندوستان کی دو تین مسلم خاتون کمرشیل پائلٹس میں ہونے لگا ہے۔ فی الوقت سلویٰ فاطمہ TYPE RATING اور MULTI ENGINE RATING کورس کرنے کی تیاری کررہی ہیں۔ اس ضمن میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے سیدہ سلویٰ فاطمہ کو 67 ہزار روپئے مالیتی ایک لیاپ ٹاپ فراہم کیا ہے جس میں TYPE RATING اور Multi Engine Rating کے کورسس سے متعلق ایک خصوصی سافٹ ویر بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعہ کیپٹن سلویٰ فاطمہ مذکورہ کورسیس کی تیاری کریں گی۔ سلویٰ فاطمہ نے اپنے اس کورس کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے آندھراپردیش ایویشن اکیڈیمی سے 5 سال کے کورس کی تکمیل کے بعد پرائیویٹ پائلٹ، کمرشیل پائلٹ اور فلائیٹ ریڈیو ٹیلیفون آپریٹر لائسنسن حاصل کیا۔ اب TYPE RATING اور Multi Engine Rating حاصل کرنے کی ضرورت ہے جہاں تک TYPE RATING کورس کا سوال ہے اس میں ایربس 320 چلانے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ ان کورسیس کی مدت 9 ماہ کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جناب زاہد علی خان اور جناب افتخار حسین کو جب انہوں نے بتایا کہ ایک لیاپ ٹیاپ کی انہیں شدید ضرورت ہے تب دونوں شخصیتوں نے فوری لیاپ ٹیاپ کا انتظام کردیا۔ امید ہیکہ سیدہ سلویٰ فاطمہ مذکورہ کورس کرنے کے بعد پروفیشنل پائلٹ کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کریں گی۔