کیٹ مڈلٹن نے لڑکی کو جنم دیا

لندن ۔2 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پرنس ولیم کیلئے اپنے دوسرے بچے کا انتظار بالآخر ختم ہوا جبکہ ان کی شریک حیات کیٹ مڈلٹن ڈچس آف کیمبرج نے آج ایک لڑکی کو جنم دیا ۔ کنسنگٹن پیلس نے ایک بیان میں بتایا کہ لڑکی کی پیدائش آج صبح مقامی وقت کے مطابق 8.34 بجے ہوئی ۔ ڈیوک آف کیمبرج پرنس ولیمس اپنی دختر کی پیدائش کے وقت موجود تھے ۔ پیلس نے بتایا کہ زچہ اور بچہ سب ٹھیک ہیں۔ قبل ازیں کیٹ مڈلٹن کو لندن کے سینٹ میری ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا ۔ انہوں نے یہیں اپنے پہلے بیٹے کو جنم دیا تھا ۔ نئی شہزادی کے تولد ہونے کی اطلاع ایک پرچہ پر تحریر کرکے بکھنگم پیلس کے باہر نصب کی جائیگی ۔ یہ یہاں کی قدیم روایت ہے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون نے کیٹ مڈلٹن اور پرنس ولیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آج کا دن اس جوڑے کیلئے اچھی خبر لائے ۔