بین الاقوامی معاہدے پر وزیراعظم کی زیرقیادت مرکزی کابینہ میں غور
نئی دہلی ۔24جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے آج کیوٹو پروٹوکول کے دوسرے عہد کی مدت کو منظوری دیدی ہے جس کے تحت پابند عہد ممالک کو گرین ہاؤس گیسیس پر قابو پانے کے اقدامات کرنے ہوں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں یہ منظوری دی گئی ۔ 2012 ء میں کئی اقوام نے بین الاقوامی معاہدے کو قبول کیا تھا ۔ تب سے اب تک 65 ملکوں نے دوسرے دور کے عہد کی مدت کی توثیق کی ہے ۔ ماحولیات کی تبدیلی کے مسائل پر بین الاقوامی اتفاق رائے حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے اہم رول ادا کیا گیا ہے ۔ ہندوستانی قیادت نے بھی ماحولیات تحفظ اور ماحولیات کے ساتھ انصاف کے عالمی کاز پر عمل کرنے والے اقوام کے عہد میں برابر کی شریک ہونے کا اعلان کیا ۔ کیوٹو پروٹوکول کی ہندوستان کی جانب سے توثیق کے ساتھ ہی دیگر ترقی پذیر ممالک بھی اس میں شامل ہوں گے ۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گرین ڈیولپمنٹ میکانزم پراجکٹ کی عمل آوری کو ہی اس عہد کا حصہ سمجھا جائے گا۔ قابل لحاظ ترقیاتی اقدامات کو ترجیح دی جائے گی ۔ ہندوستان میں بھی اس تعلق سے سرمایہ کاری کو پرکشش بنایا جائے گا ۔