کیوبا کے نئے صدر امریکی پابندی کے مخالف

ہوانا، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیوبا کے نئے صدر میگل دیاز کینیل امریکہ کے اپنے پہلے دورہ پر اتوار کو نیویارک پہنچے جہاں وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے ملک پر دہائیوں پرانی امریکی تجارتی پابندی کی مذمت کریں گے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے پیشرو براک اوباما کی حکومت کے دوران سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد گزشتہ سال پابندیوں کو سخت کر دیا تھا جس کے بعد سرد جنگ کے دشمن ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔واشنگٹن نے یہ بھی الزام لگایا کہ ہوانا میں امریکی سفارت کاروں پر حملوں کے کئی واقعات ہوئے تھے ۔ کیوبا کی حکومت نے ان الزامات کو سرے سے مسترد کر دیا ہے ۔سرکاری آوٹ لیٹ کیوباڈیبیٹ کے مطابق گزشتہ اپریل میں اس کے پیشرو راؤل کاسترو سے صدر کا عہدہ سنبھالنے والے مسٹر کینیل چہارشنبہ کو یو این جی اے نیلسن منڈیلا امن سربراہی اجلاس اور جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔اس سیشن میں کیوبا اپنے ملک پر امریکی تجارتی پابندیوں کو ہٹانے کے لئے ایک تجویز پیش کرے گا۔کیوبا کی وزارت خارجہ کے مطابق مسٹر کینیل نے اپنی آمد کے بعد کہاکہ ہم کیوبا کی آواز لائے ہیں کہ مندرجہ بالا تمام ناکہ بندی کی غیر معمولی پالیسی کو مسترد کیا جائے ۔ ایک ایسی پالیسی جو پہلے سے ہی ناکام رہی ہے اور جو ناکام رہے گی اور یہ انسانیت کی تاریخ میں سب سے طویل ناکہ بندی ہے۔