کین کا ہلکا فرنیچر گھر کی سجاوٹ میںخوبصورتی کا باعث

سادگی اور نفاست سے سجایا گیا گھر سب کو ہی متاثر کرتا ہے۔گھر کی خوبصورتی کیلئے قیمتی اشیاء کافی نہیں بلکہ نفاست پسندی سے ان کا انتخاب اور سلیقے سے ان کی ترتیب ضروری ہے کیونکہ یہ آپ کی سلیقہ مندی اور نفاست پسندی ہی ہے جو آپ کے معمولی گھر کو نکھار کر رکھ دیتی ہے اور اگر آپ کے اندر سلیقہ اور نفاست نہ ہو تو آپ کا خوبصورت گھر معمولی نظر آنے لگتا ہے۔ ہر دور میں گھروں کی آرائش کی الگ الگ ترجیحات رہی ہیں پہلے جس طرح کا بھاری بھرکم فرنیچر زیادہ پسند کیا جاتا تھا اب اس کی جگہ ہلکے پھلکے اور پائیدار فرنیچر نے جگہ لے لی ہے اور خاص طور پر ایسے لوگ جو فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں وہ ایسا ہی فرنیچر چاہتے ہیں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ جگہ بھی کم لے اور پائیدار بھی ہو۔ لہذا کین Cane کا فرنیچر یہ سب سہولیات مہیا کرتا ہے کیونکہ اس میں نزاکت بھی ہے اور سادگی ، و پائیداری بھی اور یہ جگہ بھی کم گھیرتے ہیں یعنی کم جگہ پر با آسانی آجاتے ہیں۔ گھر در اصل شخصیت اور لائف سٹائل کے عکاس ہوتے ہیں اور گھروں میں موجود فرنیچر وہاں کے مکینوں کے مزاج اور معاشی حالات کی تمام تر کہانی اپنی زبانی سنا رہا ہوتا ہے۔ قدیم طرز کے نایاب فرنیچر ثقافت کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔ جو عموما دیار اور صنوبر کی لکڑی سے تیار کئے جاتے ہیں لیکن یہ کافی بھاری ہوتے ہیں۔

جدید طرز کے فرنیچر کین سے تیار کئے جا رہے ہیں، ان کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے کیونکہ یہ دیدہ زیب اور ہلکا پھلکا ہوتا ہے اور گھر میں خوبصورتی و نفاست کا احساس بھی پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب یہ امراء اور روساء کے گھر بھی سج رہے ہیں اور گھر کی سجاوٹ بید اور بانس سے نئی شکل اختیار کر رہی ہے۔ بید کے فرنیچر میں ایک آسانی یہ بھی ہوتی ہے کہ گھر شفٹ کرنے میں زیادہ جدو جہد نہیں کرنی پڑتی اور یہ ٹوٹ پھوٹ سے بھی بالکل محفوظ رہتا ہے۔ آپ جب اور جیسے چاہیں ان کی از سر نو سیٹنگ بھی کر سکتی ہیں وہ لوگ جو کرائے کے گھر میں رہتے ہیں یا جنہیں اکثر و بیشتر شہر سے تبادلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان کے لیے کین کا ہلکا پھلکا فرنیچر نسبتا بہتر رہتا ہے۔ ہلکا پھلکا ہونے کے باعث اس کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی با آسانی کی جا سکتی ہے اور یہ خراب ہونے سے بھی محفوظ رہتا ہے۔ کین کا فرنیچر سجاوٹ کے اعتبار سے گھر کو منفرد بناتا ہے یہ فرنیچر چونکہ ہلکا ہوتا ہے اس لیے خواتین کسی کی مدد پریشانی و وقت کی کمی کے باعث صفائی با آسانی کر سکتی ہیں اور گھر کی سیٹنگ بھی جب چاہیں تبدیل کر سکتی ہیں۔