کینیڈین امام سید سہروردی کو موت کی دھمکیاں

مونٹریال ۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کینیڈا کے ایک امام جو اپنے خطبوں کے لئے مشہور ہیں ، نے انتباہ دیا ہے کہ اسلامی عسکریت پسند گروپ آئی ایس کینیڈا میں بھی گروپ میں شمولیت کے لئے لوگوں کو اُکساتے ہوئے اُن کی بھرتی کی سرگرمی جاری رکھے ہوئے ہے اور یہاں

تک کہ اس گروپ کے ایک رکن نے انھیں موت کی دھمکی بھی دی ہے ۔ اسلامک سپریم کونسل آف کینیڈا (ISCC) کے بانی سید سہروردی نے کینیڈا ودیگر مغربی ممالک کے عوام کے علاوہ حکام کو بھی آگاہ کیا ہے کہ وہ جہاد کی تحریک کے خلاف اپنی سرگرمیوں میں شدت پیدا کریں۔ سی بی سی پبلک ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ یہ بات یقینی طورپر کہہ سکتے ہیں کہ کینیڈا میں بھی بھرتی کا کام زور و شور سے جاری ہے اور سب کچھ ہمارے آس پاس ہی ہورہا ہے اور ہمیں اس سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے ۔ ہماری یونیورسٹیاں ، ہماری کالجس اور ہماری عبادت گاہیں ایسے مقامات ہیں جہاں یہ کام چلایا جارہا ہے ۔

مسٹر سہروردی نے کہا کہ اوٹاوہ کے رہنے والے ایک مسلم شخص نے جو شمالی عراق کے شہر موصل میں آئی ایس کے خلاف نبرد آزما تھا ، نے فیس بک پر انھیں ( سہروردی) کو موت کی دھمکی دی ہے اور یہ تنقید بھی کہ آپ ایک متقی اور پرہیزگار امام ضرور ہیں لیکن آپ کے نزدیک اسلام کا جو تصور ہے وہ غلط ہے ۔ مسٹر سہروردی نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی د ھمکیاں اُن کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ انھیں اگرچہ موت کی دھمکیاں ملتی رہتی ہیں لیکن لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ زندگی اور موت کا دینے والا صرف اﷲ ہے ۔ یاد رہے کہ جاریہ سال فروری میں انٹلیجنس سرویسیس نے انکشاف کیا تھا کہ عراق اور شام میں کم و بیش 130 کینیڈین آئی ایس کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔