کینیڈا میں گرمی کی لہر 19 افراد ہلاک

مونٹریال ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کے مشرقی شہر کیوبک میں گرمی کی شدید لہر میں 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ موسم گرما کی تپش میں گذشتہ ایک ہفتہ سے اضافہ نوٹ کیا جارہا تھا جس نے خصوصی طور پر مشرقی صوبہ کے دارالخلافہ مونٹریال کے شہریوں کو بہت زیادہ پریشان کر رکھا ہے جبکہ 19 کے منجملہ 12 اموات مونٹریال میں ہوئیں۔ علاقائی پبلک ہیلتھ ڈائرکٹر مائلین ڈروئن نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف ٹریبون اخبار کے مطابق پانچ اموات گذشتہ 41 گھنٹوں کے درمیان ہوئیں جبکہ چہارشنبہ کو رات دیر گئے مزید دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی۔ ریڈیو کینیڈا نے بھی ان اموات کی توثیق کی۔ اس سانحہ پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مہلوکین کے ارکان خاندان سے ہمدردی ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ صرف ان افراد کے بارے میں سوچ رہے ہیں جن کے عزیز گرمی کی شدت کی وجہ سے فوت ہوگئے۔ دوسری طرف وسطی اور مشرقی کینیڈا میں گرمی کی لہر مزید کچھ دنوں تک جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے لہٰذا ہر ایک کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ خود اپنا اور اپنے ارکان خاندان کا تحفظ کرسکے۔

ایران کے سفیروں کی یوروپی سے طلبی
تہران ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے آج فرانس، لندن اور بلجیم سے ایران کے سفیروں کو طلب کرلیا جو ویانا میں تعینات اس کے سفیر اسداللہ اسدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج ہے۔ اسدی کو جرمنی میں اتوار کو گرفتار کیا گیا کیونکہ یوروپی یونین نے سازش میں ان کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔