سیسہ کی امکانی موجودگی کیلئے سی ایف آئی اے کی چھان بین
حیدرآباد 7 جون (پی ٹی آئی) ہندوستان میں میگی نوڈلس پر عائد کئے گئے امتناع کے بعد یہ پراڈکٹ ہیلت کینیڈا اسکینر کے تحت آگیا ہے کیونکہ اس ملک میں درآمد کئے گئے اس پراڈکٹ کی کینیڈین فوڈ انسپیکشن اتھاریٹی (سی ایف آئی اے) کی جانب سے جانچ اور تحقیقات کی جارہی ہے۔ ہیلت کینیڈا کے ایک بیان کے مطابق اگر درآمد کئے گئے میگی نوڈلس میں نقائص پائے گئے تو اس پر امتناع عائد کرتے ہوئے احکام جاری کئے جائیں گے۔ سی ایف آئی اے میگی برانڈ نوڈلس کے ہندوستان میں حالیہ واقعہ بشمول ہندوستانی مارکٹ سے نیسلے پراڈکٹس کو ہٹانے سے باخبر ہے۔ سی ایف آئی اے کی جانب سے مختلف فرمس کی جانب سے کینیڈا میں درآمد کئے گئے میگی برانڈ نوڈلس پراڈکٹس میں سیسہ کی امکانی موجودگی کیلئے فوڈ سیفٹی جانچ اور تحقیقات کی جارہی ہے۔ اگر ایجنسی کی تحقیقات میں یہ پراڈکٹس مضرت رساں پائے گئے تو ایک فوڈ ری کال وارننگ جاری کی جائے گی۔ کینیڈین ہیلت ریگولیٹر نے ایک بیان میں یہ بات کہی۔ اور کہاکہ سی ایف آئی اے کی جانب سے محفوظ غذا پر نہایت سنجیدگی سے توجہ دی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں عوام سے مزید معلومات حاصل کی جائیں گی۔ ہندوستان میں کئی ریاستوں بشمول دہلی، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر، پنجاب، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا اور گوا میں میگی نوڈلس کی فروخت پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔