کینیڈا قیادت کو آغا خان نے سراہا

اوٹاو(کینیڈا) ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمٰعیلیہ فرقہ کے پیشوا ہز ہائی نیس آغا خان نے آج کینڈا کی اُن کوششوں کو سراہا جو ایک مستحکم سیول سوسائٹی ، تعلیم اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے اپنے تاریخی خطاب کے دوران انھوں نے یہ بات کہی ۔ آغا خان کو وزیراعظم کینیڈا اسٹیفن ہارپر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب کیلئے خصوصی طورپر مدعو کیا تھا ۔

گجرات فسادات پر امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں:امریکہ
واشنگٹن۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)امریکہ نے آج وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 2002 ء میں گجرات میں ہوئے مسلم کش فسادات کیلئے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے نام کو انسانی حقوق کی ایک رپورٹ سے حذف کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ امریکہ نے گجرات فسادات کیلئے نریندر مودی کے تئیں اپنی پالیسی میں تبدیلی کی ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان جین ساکی نے اپنی روزانہ کی بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مودی کے تئیں امریکہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہیکہ وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے انسانی حقوق پر ایک سالانہ رپورٹ کی اجرائی عمل میں آئی ہے ۔