کینیڈا، صدر ٹرمپ کیلئے ریت کی بوری نہیں : جسٹن ٹروڈو

ٹورنٹو 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا ریت کی بوری نہیں کہ جس پر امریکی صدر قوت آزمائی کرتے رہیں۔ٹروڈو نے کینیڈا بلدیہ فیڈریشن اجلاس سے خطاب میں امریکہ کے درآمدی اسٹیل اور المونیم پر اضافی کسٹم ڈیوٹی کی فہرست میں کینیڈا کو شامل کرنے پر کہا کہ کینیڈا ٹرمپ کیلئے ریت کی بوری نہیں ہے۔ٹروڈو نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اس اضافی کسٹم ڈیوٹی کی وجہ قومی سلامتی کیلئے حفاظتی تدابیر کو دکھایا ہے لیکن یہ کہنا کہ کینیڈا کی اسٹیل انڈسٹری امریکہ کی قومی سلامتی کیلئے ایک خطرہ ہے ہماری توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی شہری اور خاص طور پر ٹرمپ حامی کینیڈا کیلئے نئے ٹیکس کے نفاذ پر مالی مشکلات اور تکالیف کا سامنا کریں گے۔ٹروڈو نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ محصولات کو ختم کرنے ٹرمپ کینیڈا سے کیا چاہتے ہیں لیکن ایک چیز میں اچھی طرح جانتا ہوں اور وہ یہ کہ یہ کہنا مشکل اور ناقابل قبول ہے کہ امریکہ کے ساتھ شانہ بہ شانہ لڑنے والے کنیڈین فوجی اور خود کینیڈا امریکہ کی سلامتی کے لئے خطرہ تشکیل دے رہا ہے۔