نئی دہلی ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کینیا میں ایک یونیورسٹی کیمپس پر دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کی ہے اور کہا کہ کوئی نظریہ یا مذہب اس طرح کی حرکتوں کی تائید نہیں کرسکتا ۔ اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف وحشتناک اور غیر انسانی گروپس ہی تعلیم و تربیت کے مراکز پر حملہ کرسکتے ہیں ۔ تاہم کوئی نظریہ یا مذہب اس طرح کے حملوں کو حق بجانب قرار نہیں دے سکتا ۔ واضح رہے کہ کینیا یونیورسٹی میں کل صومالیہ کی عسکریت پسند تنظیم الشباب اسلامی کے حملہ میں 147 طلباء ہلاک ہوگئے تھے ۔ نقاب پوش حملہ آوروں نے گرینڈ اور خود کار ہتھیار استعمال کرتے ہوئے طلباء کا قتل عام کردیا تھا۔۔
سوائن فلو سے مزید 11 اموات جملہ تعداد 2108 ہوگئی
نئی دہلی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سوائن فلو سے ملک گیر سطح پر آج مزید 11 اموات واقع ہوئیں جس سے سوائن فلو سے ہلاک ہونے والوں کی جملہ تعداد 2108 ہوگئی جبکہ 34,447 افراد مرض سے متاثر ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کی کل تک کی اطلاعات کے بموجب یہ اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں۔ جنوری سے اب تک گجرات میں جو بدترین متاثرہ ریاست ہے، 6537 افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے ہیں۔