کینیا میں دھماکے، چھ افراد ہلاک

نیروبی ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کینیائی دارالحکومت کے ایک نواحی علاقے میں پیش آئے تین دھماکوں کے نتیجے میں کم ازکم چھ افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ انتہائی گنجان آباد علاقے میں ہوئے ان دھماکوں میں زخمی ہونے والوں میں سے نو کی حالت تشویشناک ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک ریستوران اور ایک بس اسٹاپ پر کئے گئے ان حملوں میں دستی بموں کا استعمال کیا گیا ہے۔ پولیس نے اسے ایک دہشت گردانہ واقعہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

فرانس : وزیر داخلہ والَس وزیر اعظم بنا دیئے گئے
پیرس ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے وزیر داخلہ مانیول والَس کو وزیر اعظم مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ اتوار کو منعقدہ میونسپل الیکشن میں سوشلسٹ پارٹی کی ناقص کارکردگی کے بعد اولانڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز فرانسیسی صدر نے ایک نشریاتی خطاب میں کہا کہ اُنھیں عوام کا پیغام مل گیا ہے، جو کافی واضح ہے۔ کابینہ میں ردو بدل کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ایک نئے باب کا آغاز کیا جائے۔ صدر اولانڈ کے بقول 51 سالہ مانیول والَس ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے سے متعلق نئی پالیسیوں کے پیاکیج کی سربراہی کریں گے۔