کینیا میں الشباب نے 28بس مسافرین کو قتل کردیا ، پولیس کا ادعا

نیروبی ( کینیا ) 22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صومالیہ سے تعلق رکھنے والے الشباب کے عسکریت پسندوں نے کینیا کے شمال میں ایک بس کا اغوا کرلیا ہے اور انہوں نے اس میں سوار 28 مسافرین کو ہلاک کردیا ہے ۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے مسافرین میں سے غیر مسلموں کو علیحدہ کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا ہے ۔ دو پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ یہ بس 60 مسافرین کے ساتھ دارالحکومت نیروبی کیلئے سفر کر رہی تھی جبکہ اسے صومالیہ کی سرحد کے قریب منڈیرا ٹاؤن کے قریب اغوا کرلیا گیا تھا ۔ عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی کیونکہ کینیا پولیس نے عہدیداروں کے میڈیا سے بات کرنے پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کچھ مہلوکین سرکاری عہدیدار تھے جو کرسمس تقاریب میں شرکت کیلئے نیروبی جا رہے تھے ۔ کینیا میں حالیہ وقتوں میں بندوق اور بم حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے اور ان حملوں کیلئے صومالیہ سے کام کرنے والے القاعدہ سے الحاق رکھنے والے گروپ الشباب کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کینیا کی جانب سے صومالیہ کو اکٹوبر 2011 میں اپنی افواج روانہ کئے جانے کے بعد یہ حملے بڑھ گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کینیا میں جملہ 135 حملے ہوئے ہیں جن میں ویسٹ گیٹ مال پر ہوا حملہ بھی شامل ہے ۔ اس حملہ میں 67 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ویسٹ گیٹ مال میں ہوئے حملہ کیلئے خود الشباب گروپ نے ذمہ داری قبول کی تھی ۔ کینیا نے صومالیہ میں افریقی یونین مشن کیلئے افواج روانہ کی تھی جس کے بعد الشباب کی تخریب کاری میں اضافہ ہوگیا ہے ۔