لندن۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکی ایرویز کی ایک پرواز جو وینس سے 185 مسافروں کے ساتھ فلاڈیلفیا جارہی تھی، آئرلینڈ میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوگئی جب کہ پرواز کے 9 اٹنڈنٹس بیمار ہوگئے۔ ان کی بیماری کی شکایت پر پائلٹ نے بحر اوقیانوس کی فضاء سے گزرنے کے دوران اپنا رُخ تبدیل کردیا اور دوپہر کے بعد ڈبلن ایرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ 9 اٹنڈنٹس نے چکر، آنکھیں گھومنے اور متلی کی شکایت کی تھی جب کہ طیارہ وینس سے فلاڈیلفیا جارہا تھا۔ طبی ماہرین نے ایک مقامی ہاسپٹل میں پرواز کے اٹنڈنٹس کا علاج کیا۔ پائلٹوں یا مسافرین کے بیمار ہونے کی کوئی بھی اطلاع نہیں ملی۔ اس لئے طیارہ فلاڈیلفیا کے لئے روانہ ہوگیا۔ ڈبلن ایرپورٹ کے عملہ نے بتایا کہ طیارہ رات بھر ایرپورٹ پر منتظر رہا۔ مسافرین کو رات بھر کے لئے ڈبلن میں رہائش کا انتظام کیا گیا۔