22 خصوصی معاشی زونس کی منظوری منسوخ

نئی دہلی ۔ 17 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے 22 خصوصی معاشی زونس (ایس ای زیڈ کی منظوریوں کو منسوخ کردیا کیونکہ ان اداروں نے اپنے پراجکٹوں پر عمل آوری کیلئے ’اطمینان بخش‘ پیشرفت نہیں کی ہے۔ دیگر 27 زونس کو پراجکٹوں کی تکمیل کیلئے مزید مہلت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے اس سال فروری میں 56 ٹیکس سے مستثنیٰ پراجکٹوں کو منسوخ کردیا تھا۔ منسوخ شدہ اداروں میں ٹاملناڈو صنعتی ترقیاتی کارپوریشن اور ٹرو ڈیولپرس بھی شامل ہیں۔ کامرس سکریٹری راجیو کھیر کی زیر قیادت منظوریوں سے متعلق بورڈ نے اپنے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’’اس بورڈ نے اعلامیوں کی رسمی اجرائی یا منظوری کی منسوخی کے ایجنڈہ میں شامل 22 کیسس کا جائزہ لیا۔ بورڈ نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ ڈیولپرس نے اطمینان بخش پیشرفت نہیں کی ہے۔ ارکان کے مابین تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد بورڈ نے رسمی منظوری/ نوٹفکیشن کی منظوری کا فیصلہ کیا‘‘۔ تاہم ڈیولپرس کو اب ایک صداقتنامہ پیش کرنا ہوگا جس کے ذریعہ یہ تصدیق بھی لازمی ہوگی کہ انہوں نے سرویس ٹیکس استثنیٰ کے بشمول کسی بھی ٹیکس / ڈیوٹی سے استثنیٰ سے استفادہ نہیں کیا ہے۔ اگر ایس ای زیڈ قانون کے تحت ان مراد سے استفادہ کیا گیا ہے تو ان کے لئے تمام فوائد کو واپس کرنا ضروری ہوگا۔ ٹاملناڈو صنعتی ترقیاتی کارپوریشن نے ایک بڑا ہمہ پیداواری زون قائم کرنے کی تجویز رکھی تھی اور ٹرو ڈیولپرس نے اس ریاست میں آئی ٹی زون قائم کرنے کے منصوبے بنائے تھے ۔ منسوخ شدہ 22 خصوصی معاشی زونس میں 19 زونس آئی ٹی شعبہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ مابقی دیگر کا تعلق انجنیئرنگ ، ہارڈویر و سافٹ ویر سے ہے۔