نیروبی، 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صومالیہ میں تعینات کینیائی فوجی دستے نے جنوبی صومالیہ کے جبلاند علاقے میں جنگجو تنظیم الشباب کے دو ٹھکانوں پر چھاپے کے دوران 31جنگجوؤں کو ہلاک کیا۔ یہ اطلاع کینیائی فوج نے ایک بیان میں آج دی ہے ۔ مشرقی افریقہ کے ملک کینیا کے ہزاروں فوجی جوان افریقی یونین مشن کے تحت صومالیہ میں تعینات ہیں، جس کا مقصد جنگجو تنظیم الشباب پر کنٹرول کرنا اور ملک میں طویل خانہ جنگی کے بعد تعمیر نو کی مہم سکیورٹی فراہم کرنا ہے ۔ کینیا کے فوجی دستے الشباب کے جنگجوؤں کی طرف سے کینیا میں حملے کئے جانے کے بعد 2011سے وہاں تعینات ہیں۔ کینیائی ڈیفینس فورس نے گزشتہ روز الشباب کے ٹھکانوں پر چھاپے سے متعلق ایک بیان میں کہا کہ چھاپے میں زمینی فوجی دستے کو ہیلی کاپٹر اور فضائی فائرنگ کی مدد دی گئی اور آپریشن کو کامیابی سے انجام دیا گیا۔تاہم، الشباب کی طرف سے فوری طورپر اس بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ کینیائی فوج کے بیان میں بتایا گیا کہ فوجی دستے نے چھاپے کے دوران کثیر مقدار میں ہتھیار، رائفل ، مواصلاتی آلات اور یونیفارم لباس برآمد کئے ہیں۔