کینسر نے مجھے بے خوف اور نڈر بنایا

اس مرض سے بچ جانے والی اداکارہ سونالی بیندرے کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کینسر نے مجھے بے خوف اور نڈر بنایا ۔ اس مہلک مرض نے مجھے ایڈوینچر معلوم کرنا سکھایا ۔ کینسر سے بچ جانے والی فلم اسٹار ، ماڈل اور آتھر سونالی بیندرے نے آج دوپہر یہاں شہر میں ایف آئی سی سی آئی لیڈیز آرگنائزیشن (FLO) کے کوئی 300 ممبرس کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ وہ ان سے ان کے پسندیدہ ہیاش ٹیاگ ’ سوئچ آن دی سن شائن ‘ پر بات کررہی تھیں ۔ جہاں انہوں نے اس مرض سے مقابلہ کرنے کی ان کی جدوجہد اور اس مرض سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے صحت یاب ہونے تک کے ان کے سفر کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کا 12 سالہ لڑکا ان کی صحت کے بارے میں دوسروں سے سنے اس لیے انہوں نے ان کی صحت کی حالت کے بارے میں بات کی ۔ میرا بیٹا ڈاکٹر کے یہاں جاتے وقت میرے ساتھ ہوتا تھا ۔ وہ کیمو کے دوران میرے پاس ہوا کرتا تھا اور وہ میری حالت کو سمجھتا تھا ۔ مجھے اس مرض کی توقع نہیں تھی ۔ اس سے مجھے ایک دھکہ لگا ۔ میری فیملی بالخصوص میرے شوہر میرے لیے ایک مضبوط ستون کی طرح تھے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتاب لکھنے کا ان کا کوئی اراردہ نہیں ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سونالی بیندرے نے کہا کہ وہ مادھوری ڈکشٹ کی فیان ہیں اور کہا کہ میں ان کی طرح نہیں ہوسکتی ۔ صرف ایک ہی مادھوری ڈکشٹ ہے ۔ سونالی بیندرے نے کہا کہ کینسر ذیابیطس جیسا ہے اگر اس کا جلد پتہ چلے تو کینسر قابل علاج ہے ۔ مجھے چوتھے مرحلہ کا کینسر تھا اور میرے پاس کیمو تھراپی کے سواء کوئی راستہ نہیں تھا لیکن اب اس کے لیے متبادل طریقے دستیاب ہیں ۔۔