کینسر شعور بیداری واک ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور دیگر کی شرکت و خطاب
حیدرآباد۔یکم فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کو صحت عامہ کے متعلق نہایت سنجیدہ قراردیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے کہاکہ صحت مند معاشرہ ریاست کی ترقی کا ضامن ہے۔ آج یہاں سرور نگر اسٹیڈیم میں یشودھا ہاسپٹل ،ملک پیٹ کے زیر اہتمام کینسر کے متعلق شعور بیداری واک کے آغاز سے قبل عوام کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ کینسر ایک مہلک مرض ہے جس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر ناگزیرہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کینسر کے پہلے اسٹیج پر علاج ممکن ہے مگر یہ ایسا مہلک مرض ہے جس کا ابتدائی مراحل میںپتہ نہیںچلتا۔ انہوں نے پھیپھڑوں‘ پیٹ‘ آنتوں کے کینسر کو زیادہ مہلک قراردیتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کینسر سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کو اپنی روز مرہ کی زندگیو ں میںشامل کرلینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ گھر کی معمر شخصیتوں کی صحت کا خاص خیال اور بہتر سلوک رکھا جائے۔ انہوں نے کینسر جیسے مہلک مرض سے چھٹکارہ دلانے کے لئے چلائی جانے والے ہر تحریک میںحکومت تلنگانہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتا کلواکنتالا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے کینسر کے متعلق شعور بیداری واک میں حصہ لیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میںکہاکہ کینسر کے مرض میںزیادہ تر خواتین مبتلا ہورہی ہیں۔ انہوں نے بریسٹ ‘ پیٹ او رآنت کے کینسر سے بچائو کے لئے درکار احتیاطی تدابیر کا سہارا لینے کا اس موقع پر مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے کے لئے تلنگانہ کی خواتین کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کینسر جیسے مہلک مرض سے محفوظ رہنے کے احتیاطی تدابیر کے استعمال پر زوردیا۔ سینکڑوں کی تعداد میںنوجوان لڑکے او رلڑکیوں نے اس واک میں حصہ لیکر کینسر کے متعلق عوام میں شعور بیداری مہم چلائی۔