ڈاکٹر پون کمار ہیماٹولوجسٹ کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : پیڈیا ٹرکس جیسے لمپھو بلاسٹک یا ہاڈکنس لمپوما کے بلڈ کینسر سے متاثرہ افراد کا علاج کیا جاسکتا ہے تاہم اس کا مسلسل چھ ماہ تک علاج جاری رکھنا ہوگا ۔ ڈاکٹر پون کمار ہیماٹولوجسٹ اینڈ ایم بی ٹی اسپیشلسٹ بسواتاراکم انڈو امریکن کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ کینسر کے مرض کو موت کا کنواں سمجھتے ہیں تاہم یہ کئی کیس میں صحیح نہیں ہوتا ۔ آج کینسر کا مرض قابل علاج ہے کینسر کا مرض اس کے مراحل پر بھی منحصر کرتا ہے ۔ ڈاکٹر پون کمار نے بتایا کہ 60 فیصد لوگ مالی مشکلات کے سبب کینسر کا خاطر خواہ علاج نہیں کراسکتے ۔ انہوں نے اس بات کی خواہش کی کہ کینسر کے تعلق سے معاشرہ میں آگاہی پیدا کی جائے انہوں نے انڈین کینسر سوسائٹی کی اس سمت میں ستائش کی ۔ انہوں نے عوامی بھلائی کے لیے خدمات انجام دینے والی تنظیموں سے خواہش کی کہ وہ کینسر کی آگاہی کے متعلق آگے آئیں اور غریب افراد کے لیے مالی انتظام کریں ۔ ڈاکٹر پون کمار نے کہا کہ بلڈ کینسر کا مکمل علاج ممکن ہے جب کہ ابتدائی مرحلے میں ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی کو بخار مسلسل رہ رہا ہے اور اگر بچوں کو ایک ہفتہ سے زائد بخار رہ رہا ہے تب اس کی ڈاکٹر سے تشخیص ضروری ہے ۔ انہوں نے اس بات کی خواہش ظاہر کی کہ اضلاع عادل آباد ، کریم نگر ، کھمم میں بلڈ کینسر کے علاج کے لیے ہاسپٹلس کا قیام عمل میں لایا جائے ۔انہوں نے کارپوریٹ دواخانوں سے خواہش کی کہ وہ عوام میں خون کے کینسر کے متعلق شعور بیداری پروگرامس کا انعقاد عمل میں لائیں ۔۔