حیدرآباد۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ جیڈی میٹلہ میں گیاس کے اخراج سے ایک مزدور ہلاک اور دیگر شدید متاثر ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کیمیکل فیاکٹری میں کام کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ مشین سے گیاس اچانک خارج ہوگئی اور اس کی زد میں آکر نرسنگ راؤ نامی 42 سالہ مزدور شدید متاثر ہوگیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ اس زہریلی گیاس سے دیگر مزدور بھی متاثر ہوگئے، تاہم قریب ہونے کے سبب نرسنگ راؤ زیادہ متاثر ہوگیا۔ اس حادثہ کے بعد کمپنی میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کچھ دیر کیلئے کام بھی بند کردیا گیا تھا۔ کمپنی کے ملازمین نے انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام لگایا اور کمپنی انتظامیہ و اعلیٰ عہدیداروں کی لاپرواہی کو ساتھی مزدور کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ نرسنگ راؤ جیڈی میٹلہ کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتا تھا جو قطب اللہ پور علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔جیڈی میٹلہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔