کیمیکلس سے پھل پکانا جرم ہے،پولیس دوکانات اور گوداموں پر دھاوے کرے گی

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پھل پکانے کے لیے نقصان دہ کیمیکلس استعمال کرنے کے خلاف بڑھتی شکایات کے پیش نظر پھلوں کی دوکانات اور گوداموں پر سٹی پولیس دھاوے کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ حیدرآباد ہائی کورٹ پہلے ہی حکومت کو ہدایت دے چکی ہے کہ وہ میوہ کے بیوپاریوں کے خلاف جو پھل پکانے کے لیے مضر صحت کیمیکلس استعمال کررہے ہیں کارروائی کرے۔ ریاستی حکومت نے کیلسیم کاربائیڈ CAC2 کے استعمال پر پابندی لگادی ہے اور بلدی اداروں اور دفتر کمشنر فوڈ سیفٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کیلسیم کاربائیڈ کا استعمال روکنے کی مہم میں بیوپاریوں کی مدد حاصل کریں۔ حکومت نے انسٹی ٹیوٹ آف پروینٹو میڈیسن اور کمشنر فوڈ سیکوریٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ میوے فروخت کرنے والے کاروباری مراکز کا معائنہ کریں اور فوڈ سیکوریٹی اینڈ اسٹنڈرڈس ایکٹ پر عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ اس قانون کے تحت کیلسیم کاربائیڈ کے استعمال پر پابندی ہے ۔ ماہرین طب و صحت نے کہا کہ ایسے کیمیکلس کا استعمال صحت کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے ۔۔