واشنگٹن۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز اور نائب ولی عہد وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز امریکہ پہنچے ہیں جہاں آج صدر براک اوباما سمیت اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔وائیٹ ہائوس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ آج صدر اوباما سعودی ولی عہد و نائب ولی عہد سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ آج ہی کیمپ ڈیوڈ میں ہونے والی خلیجی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ روز فرانس پہنچے تھے جہاں وہ فرانسیسی حکام سے ملاقاتوں کے بعد امریکہ روانہ ہو گئے تھے۔قبل ازیں سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر نے کہا تھا کہ کیمپ ڈیوڈ سربراہ کانفرنس میں دہشت گردی کے خلا ف جنگ اور علاقائی مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانفرنس میں عرب خطے میں ایران کی بڑھتی مداخلت پربھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ولی عہد اور نائب ولی عہد کا بیرون ملک دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان کے اس دورے کا مقصد کیمپ ڈٰیوڈ سربراہ کانفرنس کو کامیاب بنانا ہے۔