کیلیفورنیا کی جنگل کی آگ بجھانے میں پیشرفت

مینڈوسینو ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آتش فرو عملہ جو کیلیفورنیا میں آگ بجھانے کی جدوجہد میں مصروف ہے، اس نے اپنے کام میں پیشرفت کا ادعا کیا ہے لیکن باقی ہفتہ کیلئے موسم کی پیش قیاسی سازگار نہیں ہے۔ عہدیداروں کے بموجب درجہ حرارت بہت زیادہ ہے اور تیز رفتار ہوائیں چل رہی ہیں جس کے نتیجہ میں ہفتہ کی رات سے آگ مسلسل پھیلتی جارہی تھی۔ محکمہ موسمیات نے کل دیر گئے موسم کی پیش قیاسی کی ہے۔ دھویں اور آگ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا اور جاریہ ہفتہ کے اواخر میں موسم ناسازگار ہونے کے اندیشوں کی وجہ سے بھی راحت رسانی کام متاثر ہورہا ہے۔ آگ بجھانے میں 14000 فائر فائٹرس استعمال کئے جارہے ہیں۔ آتش فرو عملہ میں دور دراز کے ممالک جیسے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی شریک ہیں۔