کیلیفورنیا کی آگ بدترین سانحہ : اوباما

مڈل ٹاؤن (یو ایس) 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے شمالی کیلیفورنیا میں جنگل کی آگ کو ایک سانحہ عظیم سے تعبیر کیا ہے جس نے کم و بیش 1200 مکانات کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔ البتہ یہ ایک مثبت بات ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد صرف تین تک محدود رہی۔ اوباما کی جانب سے یہ اعلان کل کیا گیا۔ آگ سان فرانسسکو سے 145 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ایک کاؤنٹی میں رونما ہوئی۔ وہاں اب مکانات کی تعمیر نو اور بعض ایسے مکانات جن کی مرمت یا تزئین نو کی جاسکتی ہے کیلئے فنڈس جاری کئے گئے ہیں۔ مکانات کی تعمیر کے علاوہ علاقہ کی صاف صفائی بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے گی۔ 12 ستمبر کو لگی اس آگ کو کیلیفورنیا کی تاریخ کا  بدترین حادثہ تصور کیا جارہا ہے جس نے تقریباً 306 مربع کیلو میٹر کا علاقہ اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بے شمار افراد اپنے مکانات کا تخلیہ کرنے پر مجبور ہوگئے جبکہ لیک کاؤنٹی شیریف کے دفتر سے جاری ایک بیان میں دو افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد صرف تین افراد تک محدود رہی۔