لاس اینجلس، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں جنگلات میں لگنے والی بھیانک آگ کو بجھانے میں مصروف محکمہ فائر بریگیڈ کے ملازمین کو امید ہے کہ جلد ہی آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔ دریں اثنا وسطی کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے کام میں مصروف ایک بلڈوزر کا آپریٹر ہلاک ہوگیا۔فائر بریگیڈ کے محکمہ کے افسر برائے اطلاعات سیم وو کے مطابق لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے 37 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ سے 18 گھر جل کر راکھ ہو گئے جبکہ ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ حکام نے 1500 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید 100سے زائد مکانات کو خطرات لاحق ہیں ۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے 3000 ملازمین آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔