کیلاش مانسرور کے 1500 ہندوستانی یاتری نیپال میں پھنس گئے

کھٹمنڈو ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تبت کے کیلاش مانسرور سے ایک مذہبی یاترا سے لوٹنے والے 1500 ہندوستانی زائرین خراب موسم اور شدید بارش کی وجہ سے نیپال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء یہاں موجود ہندوستانی سفارتخانہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ تقریباً 550 ہندوستانی یاتری مہملا ڈسٹرکٹ کے سیمی کوٹ میں، 550 ہلسا میں اور مابقی دیگر علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سفارتخانہ کی جانب سے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، خصوصی طور پر کیلاش مانسرور یاترا (براہ نیپال) کے نیپال گنج۔ سیمی کورٹ۔ ہلساروٹ پر خصوصی طور پر توجہ دی جارہی ہے۔ موسم کی شدید خرابی کی وجہ سے وہاں پھنسے ہوئے یاتریوں کا بذریعہ طیارہ تخلیہ بھی نہیں کروایا جاسکتا۔ سفارتخانے کے نمائندے شخصی طور پر تمام یاتریوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور کوشش کی جارہی ہیکہ کسی کو بھی رہنے اور کھانے کی تکلیف نہ ہو اور انہیں ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے۔