واشنگٹن ۔11 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ براک اوباما نے ہندوستان کے بچہ مزدوری مخالف جہدکار کیلاش سیتارتھی اور پاکستان کی کمسن دوشیزہ ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ باوقار انعام کے لئے مندرجہ بالا شخصیات کے انتخاب سے یہ ظاہر ہوگیا کہ ہر انسان کی قدر و قیمت ہوتی ہے اور ہر انسان کا وقار ہوتا ہے ۔ستیارتھی اور ملالہ اس انسانیت کو قائم و دائم رکھنے کی علامت بن کر اُبھرے ہیں ۔ گزشتہ شب ایک بیان جاری کرتے ہوئے اوباما نے کہاکہ وہ خود اپنی جانب سے ، مشیل کی جانب سے اور تمام امریکیوں کی جانب سے دونوں کو تہہ دل سے امن کا نوبل انعام حاصل کرنے پر مبارکباد یتے ہیں۔ دوسری طرف یوروپی یونین قائدین نے بھی ہندوستانی کیلاش ستیارتھی اور پاکستانی ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام حاصل کرنے پر مبارکباد دی ۔ دریں اثناء صدر یوروپی کمیشن جوزمینوئل باروسو اور یوروپی کونسل کے صدر ہرمن وان رومپوئے نے نوبل کمیٹی کے فیصلہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سب بچوں کے لئے تعلیم کے حق کی مہم چلانے والی کمسن ملالہ یوسف زئی کا انتخاب یقینا ایک صحیح فیصلہ ہے ۔ یوروپی یونین کو کیلاش ستیارتھی کو نوبل انعام حاصل کرنے پر بیحد مسرت ہے جنھوں نے عالمی سطح پر بچہ مزدوری مخالف جدوجہد کا سلسلہ عرصۂ دراز سے جاری رکھا تھا جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ یقینا یہ برصغیر کے دو اہم ممالک ہند و پاک کیلئے بیحد فخر کی بات ہے ۔