کیش لیس کاروبار بینکنگ ڈیجیٹلائزیشن کے نظریہ کو عملی جامہ پہنانے کا عزم

بمبئی مرکنٹائل بینک حیدرآباد کی جانب سے ڈیبٹ کارڈ کی اجرائی، جناب ضیاء الدین کا خطاب
حیدرآباد 22 جنوری (پریس نوٹ) بمبئی مرکنٹائل بینک کی جانب سے گزشتہ روز اکاؤنٹس ہولڈرس میں ڈیبٹ کارڈس جاری کئے گئے۔ برانچ منیجر جناب محمد ضیاء الدین نے 200 اکاؤنٹس ہولڈرس کو آج یہ کارڈ جاری کئے اور بتایا کہ حیدرآباد برانچ کی تمام 10 ہزار سے زائد اکاؤنٹ ہولڈرس کو یہ کارڈس جاری کردیئے جائیں گے۔ کیش لیس کاروبار اور بینکنگ ڈیجیٹلائزیشن کے نظریہ کو عملی جامہ پہنانے کی سمت یہ ایک اہم قدم ہے۔ جناب ضیاء الدین نے بتایا کہ بمبئی مرکنٹائل بینک ہندوستان کی قدیم ترین بینکوں میں سے ایک ہے جو اپنی تاسیس کے 78 ویں برس میں ہے، ملک بھر میں اس کی 52 برانچس ہیں۔ حیدرآباد میں واحد برانچ 1993 ء میں قائم کی گئی اور 24 برس کے دوران اس بینک نے جہاں ہر قدم پر ترقی کی وہیں ایک ایسے دور میں جبکہ بینکنگ سیکٹر بحران کا شکار تھا، بمبئی مرکنٹائل بینک نے اپنی کارکردگی سے عوامی اعتماد کو برقرار رکھا۔ نوٹ بندی کے باعث اس بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس کو کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انھوں نے بتایا کہ بمبئی مرکنٹائل بینک کے ڈیبٹ کارڈ سے مختلف بلس کی ادائیگی کے علاوہ خریداری کی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی اے ٹی ایم سے رقم بھی نکالی جاسکتی ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ بینک کو اپنے اکاؤنٹ ہولڈرس کا ہمیشہ تعاون حاصل رہے گا۔ اس موقع پر انھوں نے منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر شاہ عالم خان کی جانب سے تمام اکاؤنٹ ہولڈرس کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محترمہ زلیخہ حبیب، لیاقت علی خان اور بی ایم سی کے اسٹاف ممبرس موجود تھے۔