داعش مخالف حکمت عملی اور ایرانی
نیوکلیر پروگرام پر مشاورت
نیویارک، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے عراق میں موجود داعش سے خطے اور دنیا کی سلامتی کو درپیش خطرات کے حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ امریکی سفارتی حکام کے مطابق دونوں اعلیٰ سفارتی قائدین کے درمیان یہ ملاقات ہوٹل میں ایک گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہی۔ ملاقات میں ایرانی نیوکلیر پروگرام پر جاری بات چیت کا جائزہ لینے کے علاوہ داعش کے بارے میں حالیہ پیش رفت اور چیلنج کی سنگینی بھی زیر بحث آئی۔ امریکی حکام کے مطابق دونوں وزراء نے داعش کے بارے میں حکمت عملی کے ان پہلوؤں پر بھی بات چیت کی جن پر عالمی برادری میں اتفاق کر لیا گیا ہے اور ان پہلوؤں پر بھی جن پر ابھی حکمت عملی بنانا باقی ہے۔