کیرو پراکٹک علاج دنیا میں متبادل طریقہ علاج کے طور پر رائج

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : کیرو پراکٹک طریقہ علاج دنیا میں متبادل طریقہ علاج کے طور پر رائج ہے اور یہ طریقہ علاج ادارہ عالمی صحت WHO سے ملحقہ ہے ۔ ڈاکٹر میر یوسف علی نے پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے زیر اہتمام ادارہ سیاست کے تعاون سے سہ روزہ مفت کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا میسکو گریڈس اسکول ملک پیٹ میں افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی ۔ ابتداء میں ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ نے تمام کیرو پراکٹک ڈاکٹرز اور مہمان خصوصی کا خیر مقدم کیا اور تمام کیرو پراکٹک ڈاکٹرز کو گذشتہ 18 برسوں سے منعقدہ کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ پروفیسر معین انصاری صدر نشین بورڈ آف نیوٹریشن نے فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر لیسا جیول ، ڈاکٹر ٹملی کلرک کے علاوہ کیروپراکٹک ڈاکٹرز کا ڈاکٹر میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر یونانی سے تعارف کروایا اور ہندوستان میں متبادل طریقہ علاج کے طور پر محکمہ آیوش کی کارکردگی سے واقف کروایا ۔ ڈاکٹر میر یوسف علی نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ کئی برسوں سے کیروپراکٹک کے ڈاکٹرز پالمیر یونیورسٹی امریکہ کے زیر اہتمام ادارہ سیاست کے تعاون سے مفت کیمپ منعقد کررہے ہیں ۔ جس سے شہر حیدرآباد کے ہزاروں مریضوں نے استفادہ حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے کوشش کی جارہی ہے کہ حیدرآباد میں کیروپراکٹک کلینک کا قیام عمل میں لایا جائے اس سلسلہ میں ان کی طرف سے اور محکمہ آیوش کی جانب سے مکمل تعاون و سرپرستی کی جائے گی ۔ ڈاکٹر میر یوسف علی نے کہا کہ کیرو پراکٹک ڈاکٹرز گذشتہ کئی برسوں سے محکمہ آیوش کی اجازت کے بعد نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل ، آیورویدک کالج و ہاسپٹل ، ہومیو پیتھک ہاسپٹل ، نیچروپیتھی اور یوگا انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کررہی ہے اور یہاں کے طریقہ علاج اور کن کن امراض میں کامیاب علاج موجود ہے اس کا اسٹڈی ٹور کے طور پر مطالعہ کررہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے عمل سے محکمہ آیوش اور کیرو پراکٹک طریقہ علاج میں ربط پیدا ہوگا اور کلچرل تبادلہ کے ذریعہ دونوں طریقے کے ڈاکٹرز ایک دوسرے کے فن کو سیکھنے کا موقع ملے گا ۔ پروفیسر معین انصاری نے اپنی تقریر میں کہا کہ کیرو پراکٹک ڈاکٹرز ہندوستان میں مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے بعد حیدرآباد میں کیروپراکٹک میڈیکل کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے یہاں کے عوام کی تکالیف کو دور کررہے ہیں اس کے لیے ادارہ سیاست کے علاوہ میسکو ، اعظم ووکیشنل جونیر کالج اور ہاسپٹل کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے ۔ پروفیسر معین انصاری نے محکمہ آیوش کا شکریہ ادا کیا جن کا تعاون اور سرپرستی ہمیشہ سے ہے ۔ آج کے اس میڈیکل کیمپ سے 500 سے زائد مرد و خواتین نے کیمپ سے استفادہ حاصل کیا ۔ جن میں جھارکھنڈ سے 15 مریض اور احمد آباد سے 2 مریض شامل ہیں ۔ افتتاح کے موقع پر جسٹس محمد اسمعیل ، قاضی سید زین العابدین ، محترمہ رفیعہ ہادی پرنسپل میسکو گریڈس اسکول ، جناب میر سعادت علی ناصر اے او میسکو گریڈس اسکول ، جناب محمد حسین آزاد ، جناب محمد یعقوب ( میسکو ) اور دیگر قابل ذکر ہیں ۔۔