تھرواننتاپورم ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کیرلا نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ اس ریاست کی دوبارہ تعمیر کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے پر توجہ مبذول کی ہے جبکہ چیف منسٹر پنارائی وجیئن نے آج کہا کہ انہیں متحدہ نے آج کہا کہ انہیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے مدد کی جو پیشکش کی گئی ہے، وہ حاصل ہونے کی اُمید ہے۔ ان کا یہ بیان سیلاب سے متاثرہ اس ریاست کو یو اے ای کی جانب سے مبینہ طور پر 200 کروڑ روپئے مدد کی پیشکش کو مرکز کی جانب سے قبول کرنے سے انکار کئے جانے پر پیدا تنازعہ کے پیش نظر اہمیت کا حامل ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کاری کام میں اہم رول ادا کرنے والے ایک آئی اے ایس عہدیدار کو اعزاز دینے کیلئے منعقدہ ایک تقریب میں وجیئن نے کہا کہ کئی بیرونی ممالک ریاست کیرالا کی مدد کیلئے آگے آئے ہیں۔ راحت کاری کاموں کیلئے یو اے ای کی جانب سے 200 کروڑ روپئے کی مبینہ پیشکش اور اسے قبول نہ کرنے کے مرکز کے فیصلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے وجیئن نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مرکزی کابینہ کا یہ فیصلہ برقرار رہے گا۔