کیرتی آزاد کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کے خواہاں

پٹنہ 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے معطل رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد نے آج اپنے مستقبل کے سیاسی عزائم کااشارہ دیدیا ہے اور انہوں نے کانگریس صدر راہول گاندھی کی ستائش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لوک سبھا حلقہ دربھنگہ سے 2019 میں بھی کسی قومی جماعت کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ کیرتی آزاد نے جہاں کانگریس صدر کی زبردست تعریف کی وہیں انہوں نے خود اپنی پارٹی بی جے پی پر تنقید کی اور کہا کہ چار سال سے اقتدار میں رہتے ہوئے بھی پارٹی نے کئی انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو وعدے خود نریندر مودی نے کئے تھے ان کی تکمیل بھی نہیں ہوی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوال کرنا عوام کا حق ہے اور عوام کے نمائندے کی حیثیت سے وہ عوام کے سوالات کو اپنی آواز دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا ۔ کیرتی آزاد کو پارٹی سے اس وقت معطل کردیا گیا تھا جب انہوں نے وزیر فینانس ارون جیٹلی پر الزامات عائد کئے تھے ۔